گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ پر جماعت اسلامی نے خیرمقدم کیا

   

حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند نے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اذان پر پابندی سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست کو مسترد کردیا گیا ۔ جماعت اسلامی کے نائب صدر ملک معتصم خاں نے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈیویژن بنچ نے لاؤڈ اسپیکر پر اذان پر پابندی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کی سرزنش کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس گجرات ہائی کورٹ نے اپنے فیصلہ میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان سے صوتی آلودگی پیدا ہوتی ہے جس سے عوام کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار کے استدلال کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ اذان سے صوتی آلودگی کا کیا تعلق ہے۔ عدالت نے دیگر مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کا حوالہ دیا۔ ملک معتصم خاں نے کہا کہ اذان کا مقصد مسلمانوں کو پانچ وقت نماز کیلئے مدعو کرنا ہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور سے اس روایت کا آغاز ہوا ہے۔ اذان میں اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور کبریائی بیان کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ابنائے وطن کو اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے قرآن اور حدیث کا مطالعہ کرنا چاہئے۔