گرام پنچایت سکریٹری کی مبینہ رشوت خوری ، ویڈیو وائرل

   

خاتون 50 ہزار روپئے کے ساتھ دفتر پہونچ گئی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ضلع جگتیال کے منڈل سارنگا پور کے گاؤں ناگنور میں جمعہ کے روز ایک ایسا واقعہ پیش آیا ۔ جس نے فلمی مناظر کی یاد تازہ کردی ۔ ایک خاتون نے سرعام گرام پنچایت سکریٹری کو رشوت کی رقم دینے کی کوشش کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا جس کی ویڈیو سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ گاؤں کی مقامی خاتون گنگا اماں نے الزام لگایا کہ گرام پنچایت سکریٹری عارف الدین انکا کام کرنے کے عوض میں 50 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کررہے تھے ۔ خاتون گرام پنچایت دفتر کے چکر کاٹ کر تھک چکی تھی ۔ تنگ آکر 50 ہزار نقد رقم لے کر گرام پنچایت آفس پہونچ گئی اور سکریٹری کے سامنے رقم رکھتے ہوئے کہا کہ صاحب یہ لیجئے پورے 50 ہزار روپئے ہے ۔ ایک روپیہ بھی کم نہیں ہے ۔ اب تو ہمارا کام شروع کردیں ۔ گنگا اماں نے الزام لگایا کہ اس سے قبل جب اس کے شوہر کے نام پر موجود 2 گنٹے اراضی اس کے نام منتقل کی جانی تھی تب بھی سکریٹری نے 30 ہزار روپئے رشوت لی تھی ۔ خاتون نے بتایا کہ حکومت نے اس کو اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت گھر منظور کیا ہے ۔ لیکن مقامی قائدین کے دباؤ میں کام کرنے والا گرام پنچایت سکریٹری مجھے ہراساں کررہا ہے اور کام کے بدلے مزید رقم طلب کررہا ہے ۔ رشوت نہ دینے پر سکریٹری نے انہیں دھمکیاں بھی دی ہیں ۔ یہ واقعہ میڈیا اور سوشیل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کردیا ۔ دوسری جانب جب اس معاملے پر وضاحت کے لیے ناگنور کے گرام پنچایت سکریٹری عارف الدین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فون کا جواب نہیں دیا ۔۔ 2/b