حیدرآباد /24 مئی ( سیاست نیوز ) غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں گرفتار اسسٹنٹ کمشنر پولیس اوما مہیشور راؤ کی تحویل کیلئے اے سی بی نے عدالت میں عرضی داخل کی ہے ۔ اوما مہشیور راؤ کو ایک ہفتہ تحویل میں دینے کی اے سی بی نے درخواست داخل کی ہے ۔ اوما مہیشور راؤ کی بدعنوانیوں کے خلاف مزید تحقیقات اور بے نامی جائیدادوں کے متعلق تفصیلات کیلئے تحویل کو ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بے نامی جائیدادوں اور ڈائری میں درج نام سندیپ کی مکمل جانکاری کے علاوہ تاجروں اور سرمایہ کاروں سے اوما مہیشور راؤ کے تعلقات اور لیاب ٹاپ سے حاصل اہم اطلاعات کو حاصل کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دو بینک لاکرس کو پولیس تحویل میں لینے کے بعد کھولا جائے گا ۔ ساہتی انفرا پری لانچ پراجکٹ کے نام سے ہوئی بدعنوانی اور تقریباً 1500 کروڑ کی دھوکہ دہی کے معاملہ میں اوما مہشیور راؤ اہم تحقیقاتی عہدیدار تھے ۔ اس دوران اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے اوما مہیشور راؤ نے بڑے پیمانے پر رقم کو حاصل کیا ۔ شہر کے بشمول ریاست تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش میں کل گیارہ مقامات پر دھاوے کئے گئے ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران گھٹکیسر میں 5 مقامات پر شاہ میرپیٹ ، کوکٹ پلی ، ملکاجگیری میں ایک ایک مقام پر وائزاک اور جوڈاورم میں سات مقامات پر اوما مہیشور راؤ نے جائیدادوں کی خریداری کی ہے ۔ اے سی بی تحویل کے بعد مزید تحقیقات انجام دینے والی ہے۔ ع