گروپ I سے منتخب نئے ڈسٹرکٹ رجسٹرارس کی ریاستی وزیر سرینواس ریڈی سے ملاقات

   

عوامی خدمت کے جذبہ سے کام کرنے کا مشورہ، سید یوسف علی اور شگفتہ فردوس شامل
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے نئے تقرر کردہ ڈسٹرکٹ رجسٹرارس کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ سرینواس ریڈی نے گروپ I کے تحت منتخب امیدواروں سے ملاقات کی جنھیں مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ رجسٹرار کے عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ ڈی مونیکا رانی (نلگنڈہ)، سید یوسف علی (ایم وی اے نلگنڈہ)، شگفتہ فردوس (ورنگل)، ڈی سندیپ کمار (سنگاریڈی)، ڈی مادھو (حیدرآباد ساؤتھ)، پی دیپک (محبوب آباد) نے سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ اِس موقع پر منتخب گروپ I عہدیداروں نے ریونت ریڈی حکومت سے اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ حکومت کی عوامی خدمات کے پروگراموں کو مزید آگے بڑھانے کے لئے وہ مساعی کریں گے۔ وزیر مال نے سرکاری اراضیات اور جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ اُن کی مالیت میں اضافہ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری عہدیداروں کو عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ گروپ I منتخب عہدیداروں کی سروس کے لئے کافی مواقع ہیں اور اُنھیں ہمیشہ عوام کے لئے دستیاب رہنا چاہئے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ آپ کے کیرئیر میں صرف دولت اہم ترجیح نہیں ہونی چاہئے بلکہ عوام کے دلوں میں مقام بناتے ہوئے اُن کا بھروسہ جیتا جائے۔ اُنھوں نے ایمان داری اور دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا اور کہاکہ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی شفافیت پر مبنی ہو۔ رجسٹریشن دفاتر آنے والے عوام کو مایوس کئے بغیر اُن کے کاموں کی تکمیل کی جائے۔ وزیر مال نے کہاکہ سرکاری ملازمت محض ایک عہدہ نہیں ہوتا بلکہ اِس کے ذریعہ عوام کی خدمت کے بہتر مواقع حاصل ہوتے ہیں جن سے عہدیداروں کو استفادہ کرنا چاہئے۔V/1/a/b