ایم ایل سی کویتا کا چیف منسٹر کو کھلا مکتوب ، بیروزگار نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کا الزام
حیدرآباد۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے گروپ۔I نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ امتحانات منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کویتا نے کہا کہ گروپ۔ I امتحان کا بے قاعدگیوں کے بغیر انعقاد میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی لاپرواہی اور غفلت کے سبب بیروزگار نوجوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت بیروزگار نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ کویتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا۔ کویتا نے اپنے مکتوب میں کہا کہ گروپ۔I امتحانات کے نتائج کی اجرائی پر طلبہ میں کئی شبہات پائے جاتے ہیں۔ پریلیمس اور مینس امتحانات کیلئے علیحدہ علیحدہ ہال ٹکٹ نمبر جاری کرتے ہوئے غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی ہے۔ ساتھ ہی جوابی پرچوں میں دیئے گئے مارکس پر بھی کئی شکوک پائے جاتے ہیں جس کا ہائیکورٹ نے بھی نوٹ لیا ہے، لہذا حکومت گروپ۔ I نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ امتحانات کا انعقاد کرے اور طلبہ کی بے چینی دُور کرے۔ حکومت کی لاپرواہی سے کئی بیروزگار طلبہ مایوسی کا شکار ہیں۔ امتحانات کے انعقاد، نتائج کی اجرائی میں کئی بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں جس پر طلبہ احتجاج کررہے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا جارہا ہے۔ گروپ۔ I امتحانات پر امیدواروں کی جانب سے داخل کی گئی پٹیشنس عدلیہ میں زیرغور ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے کابینی اجلاس میں نتائج کے اجرائی پر غور کرنا غیراخلاقی حرکت ہے۔ ہائیکورٹ نے بھی اپنے احکامات کی اجرائی تک منتخب امیدواروں میں تقررات نامے حوالے نہ کرنے کا حکومت کو حکم دیا ہے۔2