2.50 لاکھ درخواست گذاروں سے برقی بل کی وصولی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے گروہا جیوتی اسکیم کے تحت 200 یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن تلنگانہ بھر میں لاکھوں صارفین اس کے فائدے سے ابھی بھی محروم ہیں ۔ گروہا جیوتی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس اسکیم کے پہلے مرحلے میں کئی اہل لوگوں کو چھوڑ دیا گیا تھا اور حکومت نے انہیں دوبارہ درخواست دینے کو کہا ہے ۔ تاہم اس کے بعد سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد صفر بل وصول نہیں کررہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع میں پرجا پالنا پروگرام کے تحت گروہا جیوتی اسکیم کے تحت کل 19.8 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں ۔ تاہم تقریبا 2.50 لاکھ اہل درخواست دہندگان اب بھی بجلی کے بل وصول کررہے ہیں ۔ ان کو کوئی فائدہ نہیں دیا جارہا ہے ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں ایسی ہی صورتحال ہے ۔ حکام نے اس مسئلہ کی وجہ نا مکمل ڈیٹا انٹری کو قرار دیا ہے ۔ جو اہل صارفین کو وعدے کے مطابق صفر بل وصول کرنے سے روک رہا ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 1,31,48,000 گھریلو بجلی کے کنکشن ہیں ۔ جن میں سے 1.05 کروڑ گھرانے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرتے ہیں ۔ تمام شرائط پوری کرنے کے باوجود بہت سے اہل افراد کو اب بھی اپنے بجلی کے بل معاف کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بجٹ سیشن کے دوران حکومت نے اعداد و شمار پیش کئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 42-25 لاکھ لوگ مفت بجلی حاصل کررہے ہیں ۔ اس بارے میں کوئی واضح نہیں ہے کہ باقی اہل استفادہ کنندگان کب فوائد حاصل کریں گے ۔ ریاستی حکومت گزشتہ سال مارچ سے گروہا جیوتی اسکیم کے تحت صفر بل جاری کررہی ہیں ۔ یہ ان گھریلو صارفین پر لاگو ہوتا ہے جن کے پاس فوڈ سیکوریٹی کارڈ ہیں ۔ اور وہ 200 یونٹ سے کم استعمال کرتے ہیں ۔ کانگریس حکومت نے بجٹ میں گروہا جیوتی اسکیم کے لیے 2418 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ ریاستی ڈسکام کے عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ گروہا جیوتی کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا اور یہ فہرست حکومت کے ذریعہ بھیجی گئی تھی اور انہوں نے اس کے مطابق صفر بل جاری کئے ۔ اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے لیے مقامی میونسپل کارپوریشن اور میونسپل اداروں سے رجوع کرسکتے ہیں ۔ تصدیق کے بعد اگر مذکورہ صارف اہل پایا جاتا ہے تو گروہا جیوتی اسکیم کی دفعات کے مطابق ایک نظر ثانی شدہ بل جاری کیا جائے گا ۔۔ ش