گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ضمنی چناؤ کیلئے آج رائے دہی

   

51 امیدوار میدان میں، کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی میں اصل مقابلہ، 5 جون کو نتائج
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) کھمم ، ورنگل اور نلگنڈہ متحدہ اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ضمنی چناؤ کیلئے کل 27 مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔ تمام اضلاع میں رائے دہی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ رائے دہی کا صبح 8 بجے سے آغاز ہوگا اور سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی جبکہ رائے شماری 5 جون کو ہوگی۔ متحدہ تین اضلاع کے تحت نئے اضلاع میں ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، بھوپال پلی، جنگاؤں، ملگ، سدی پیٹ، کھمم، کتہ گوڑم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، بھونگیر شامل ہیں۔ حکومت نے گریجویٹ ووٹرس کے طور پر شامل سرکاری ملازمین کو خصوصی رخصت اتفاقی منظور کی ہے۔ 2021 میں گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں بی آر ایس امیدوار پی راجیشور ریڈی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ حالیہ اسمبلی چناؤ میں کامیابی کے بعد راجیشور ریڈی نے کونسل نشست سے استعفی دے دیا جس کے سبب ضمنی چناؤ مقرر ہے۔ جملہ 52 امیدوار میدان میں ہیں۔ کانگریس نے سی نوین ( تین مار ملنا ) کو امیدوار بنایا جو گذشتہ چناؤ میں دوسرے نمبر پر تھے۔ بی آر ایس نے راکیش ریڈی و بی جے پی نے پرمیندر ریڈی کو ٹکٹ دیا ہے۔ تین مار ملنا اور پرمیندر ریڈی کیلئے اس حلقہ میں یہ دوسرا الیکشن ہے۔ 2021 میں دونوں کو شکست ہوئی تھی۔ تینوں پارٹیاں حلقہ میں کامیابی کیلئے پُرامید ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس امیدوار کے حق میں سی پی آئی، سی پی ایم اور تلنگانہ جنا سمیتی کی تائید حاصل کی ہے۔ ایم ایل سی نشست کا یہ چناؤ ای وی ایم مشین پر نہیں بلکہ بیالٹ پیپر پر ہوگا۔ رائے دہندوں کو ترجیحی بنیاد پر ووٹ دینا ہوگا جس کیلئے پولنگ اسٹیشن میں اسکیچ پن فراہم کیا جائے گا۔ یہ خصوصی اسکیچ پن میسور پینٹس کمپنی سے حاصل کیا گیا ہے۔ الیکشن میں نوٹا کی گنجائش نہیں رہے گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق 2896 پولنگ اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے جن میں 724 پریسائیڈنگ آفیسرس، 724 اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس اور 1448 دیگر الیکشن عملہ ہے۔ 605 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ 118 پولنگ اسٹیشنس ضلع کھمم میں ہیں جبکہ سدی پیٹ 5 ، جنگاؤں 27 ، ہنمکنڈہ 67 ، ورنگل 59 ، محبوب آباد 26 ، ملگ 17 ، بھوپال پلی 16 ، کتہ گوڑم 55 ، بھونگیر 27 ، سوریا پیٹ 71 اور نلگنڈہ 97 شامل ہیں۔اس حلقہ میں رائے دہندوں کی تعداد 4.63 لاکھ ہے جن میں 2.87 مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ گذشتہ الیکشن کے مقابلہ اس مرتبہ 41726 رائے دہندوں نے اپنے نام درج نہیں کرائے۔1