چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ سی پی آئی، سی پی ایم، ٹی جے ایس قائدین کا اجلاس مختلف امور کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کمیونسٹ جماعتوں سی پی آئی، سی پی ایم اور ٹی جے ایس قائدین سے ملاقات کرکے گریجویٹ کونسل ضمنی انتخاب کا جائزہ لیا۔ کانگریس امیدوار تین مارملنا کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں ٹی جے ایس کے صدر پروفیسر کودنڈارام، پروفیسر ویشویشور راؤ، سی پی آئی سکریٹری و رکن اسمبلی کے سامباشیوراؤ ، سی پی ایم قائدین ایس ویریا، جے رنگاریڈی کانگریس کے قائدین مہیش کمار گوڑ، ملو روی، بی رام موہن چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ 27 مئی کو گریجویٹ کوٹہ کونسل نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل کا ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے تینوں جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کی کامیابی میں تعاون کریں۔ تینوں جماعتوں کے قائدین نے چیف منسٹر کو تیقن دلایا کہ ان کی جماعتیں کانگریس کی مکمل تائید و حمایت کریں گے۔ سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری سامبا شیوراؤ نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے کانگریس کے امیدوار کی کامیابی ضروری ہے۔ سی پی آئی پارٹی کانگریس امیدوار کی مکمل تائید و حمایت کرے گی۔ سی پی آئی پارٹی تمام گریجویٹس سے اپیل کرتی ہیکہ وہ کانگریس امیدوار کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے۔ پہلا ترجیحی ووٹ تین مارملنا کو دینے پر زور دیا۔ ٹی جے ایس کی سربراہ پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ان کی جماعت نے بی آر ایس اور بی جے پی کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس کی تائید کی ہے۔ اب گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کیڈر بالخصوص گریجویٹس سے اپیل کرتی ہے تو وہ کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کو اپنا پہلا ترجیحی ووٹ دے کر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے۔ سی پی ایم کے قائد ایس ویریا نے بتایا کہ سی پی ایم کانگریس کی مکمل تائید کررہی ہے۔ پارٹی کے ورکرس اور گریجویٹس سے اپیل کررہی ہیکہ وہ کانگریس کے امیدوار کو اپنا پہلا ترجیحی ووٹ دے کر کامیاب بنائے۔2