سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی اچانک کے ٹی آر سے ملاقات ، پارٹی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر گریجوٹ کوٹہ کونسل انتخابات کے لیے ’ وار ون سائیڈ ‘ میں تبدیل کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ان کی پارٹی کے سینئیر قائد سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری سے ملاقات پر پارٹی حلقوں میں انہیں امیدوار بنانے کی بحث شروع ہوچکی ہے ۔ تاہم پارٹی نے سرکاری طور پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ یہ بھی سنا جارہا ہے کہ کڈیم سری ہری نے اپنی دختر کو اسمبلی ٹکٹ دینے کا پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا ہے ۔ جس پر ہمدردانہ غور کرنے کا انہیں یقین دلایا گیا ہے ۔ ( ورنگل ، نلگنڈہ اور کھمم ) گریجویٹ کوٹہ کونسل پر فی الحال ٹی آر ایس کا قبضہ ہے ۔ اس حلقہ سے ٹی آر ایس کا امیدوار اپنی کامیابی ہیٹ ٹرک مکمل کرچکا ہے اور چوتھی مرتبہ کامیابی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ موجودہ ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی ، چیف منسٹر کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ پارٹی میں تمام قائدین کو یقین ہے کہ پارٹی انہیں ہی دوبارہ امیدوار بنائے گی تاہم کے ٹی آر سے کڈیم سری ہری کی ملاقات کے بعد چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ۔ ٹی آر ایس حکومت کی پہلی میعاد میں چیف منسٹر نے ورنگل کی نمائندگی کرنے والے راجیا کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے کڈیم سری ہری کو ایم پی کی نشست سے استعفیٰ دلا کر وزیر تعلیم کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر بنایا تھا ۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں کڈیم سری ہری نے اپنے لیے ٹکٹ طلب کیا تھا یا ان کی دختر کو یا کم از کم امیدوار بنانے کی اپیل کی تھی ۔ تاہم ٹی آر ایس قیادت نے دوبارہ راجیا کو امیدوار بنایا تھا ۔ دوسری میعاد میں کے سی آر کی جانب سے وزارت میں شامل نہ کرنے پر کڈیم سری ہری پارٹی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھا تھا ۔ دوسری طرف رکن اسمبلی راجیا کے باغیانہ تیور کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس قیادت نے دوبارہ کڈیم سری ہری پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ بتایا یہ جارہا ہے کہ ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد کڈیم سری مطمئن نظر آئے اور ان کے حامیوں میں بھی مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔۔