گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ نام کی تبدیلی کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی اجازت

   

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے نام کی تبدیلی کے سلسلہ میں درخواست گذار کو راحت دی ہے۔ بچپن میں رکھے گئے نام کو غیر موزوں تصور کرتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ نام تبدیل کرنے والے شخص کو چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ کی زیر قیادت بنچ نے راحت دی ہے اور حکومت نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل آوری سے اتفاق کیا۔ نوٹیفکیشن کے ذریعہ نام کی تبدیلی پر پابندی عائد کرتے ہوئے 1961 میں جی او نمبر 1263 جاری کیا گیا تھا۔ وی مدھو سدن ریڈی نے جی او کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ انہوں نے جی او میں بعض ترمیمات کی اپیل کی۔ چیف جسٹس نے حکومت سے سوال کیا کہ گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ نام کی تبدیلی پر حکومت کو کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔ عدالت نے اسی طرح کے ایک مقدمہ میں سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیا۔ سرکاری وکیل ایس راہول ریڈی نے عدالت سے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرے گی۔ سرکاری وکیل نے قواعد کے مطابق نام کی تبدیلی کا نیا سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے اتفاق کیا۔1