گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے خوش اور مطمئن ہوں

   

مستعفی ہونے اور عملی سیاست میں داخل ہونے کی تمیلی سائی سوندراراجن نے تردید کی

حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) تمیلی سائی سوندرا راجن نے گورنر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ وہ تلنگانہ گورنر کی حیثیت سے مطمئن اور خوش ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ان کے تعلق سے غلط اور گمراہ کن افواہیں نہ پھیلائیں۔ اگر کوئی فیصلہ ہوگا تو وہ اس کی وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان سیاست سے تعلق رکھتا ہے۔ گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندراراجن کے دہلی دورہ کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گشت کررہی تھی کہ وہ گورنر کے عہدہ سے مستعفی ہوکر عملی سیاست میں حصہ لے رہی ہیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں وہ تاملناڈو کے کسی ایک لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرے گی۔ واضح رہیکہ تمیلی سائی سوندراراجن تلنگانہ کی گورنر منتخب ہونے سے قبل ٹاملناڈو بی جے پی کی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ سال 2009ء سے چینائی نارتھ اور 2019ء میں تتکڈو لوک سبھا حلقوں سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوچکی تھی۔ اس کے علاوہ وہ تین مرتبہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے بھی ناکام ہوئی۔ پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے بی جے پی حکومت نے انہیں ستمبر 2019ء میں تلنگانہ کا گورنر نامزد کیا ساتھ ہی تمیلی سائی سوندراراجن 2021ء سے پودیچری کی لیفٹننٹ گورنر کی ذمہ داری نبھارہی ہیں لیکن ان کے حالیہ دورہ دہلی کے بعد یہ افواہیں تیز ہوگئی تھیں جس پر گورنر نے آج ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وضاحت کردی ہے۔ گورنر نے آج بوئن پلی میں رام مندر کے دروازے اور کھڑکیاں تیار کرنے والے انورادھا ٹمبرڈپو پہنچ کر ان کا معائنہ کیا اور گورنر سے مستعفی ہونے کی افواہوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہنا چاہتی ہیں۔ اس معاملے میں دہلی کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کو وہ قبول کروں گی۔2