سدی پیٹ میڈیکل کالج کو 80 نشستیں مختص، 8 سال میں 1000 نشستوں کا اضافہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاست میں پی جی میڈیکل نشستوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل تک ریاست میں پی جی میڈیکل نشستوں کی تعداد 1000 تھی اس کے بعد خانگی اور سرکاری میڈیکل کالجس میں مزید 1000 نشستوں کا ان 8 برسوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں تازہ طور پر مزید 232 پی جی میڈیکل نشستوں کو مرکز نے منظوری دی ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال سے ان نشستوں پر داخلہ دیا جائے گا ۔ تازہ منظورہ نشستوں میں جنرل سرجری شعبہ میں 28 نشستیں ، پیڈیاٹرکس شعبہ میں 25 ‘گیاناکالوجی شعبہ میں 19 نشستیں، آرتھوپیڈکس شعبہ میں 12 نشستیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایم ڈی اناٹوکی بائیو کیمسٹری ، فزیالوجی ، فارمالوجی ، مائیکرو بائیو لاجی ، پیاتھالوجی ، فارنسک میڈیسن ، کمیونٹی میڈیسن ، سائیکاٹری، اپتھلمولوجی، ریڈیو ڈائیگناسس، پلمونری میڈیسن ، پلاسٹک سرجری جیسے شعبوں کی نشستوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں جملہ 23 خانگی اور 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس ہیں، جاریہ سال سے مزید 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس دستیاب ہورہے ہیں جن میں ایم بی بی ایس کورسس کا آغاز ہورہا ہے ۔ تاہم موجودہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 232 پی جی نشستیں دستیاب ہورہے ہیں، ان میں سب سے زیادہ سدی پیٹ میڈیکل کالج کیلئے 80 پی جی میڈیکل نشستیں منظور ہوئے ہیں۔ سوریہ پیٹ میڈیکل کالج کے لئے 25 نلگنڈہ میڈیکل کالج کیلئے 30 نظام آباد میڈیکل کالج کے لئے 16 عثمانیہ میڈیکل کالج کیلئے 32 محبوب نگر میڈیکل کالج کیلئے 10 کاکتیہ میڈیکل کالج کیلئے 3 عادل آباد ریمس کو 22 گاندھی میڈیکل کیلئے 14 نئی نشستیں منظور ہوئے ہیں۔ پی جی نشستوں میں اضافہ ہونے سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ ن