حیدرآباد :۔ گولکنڈہ میں مشہور کٹورا حوض کی صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے اتوار کو اس تاریخی تالاب کی صفائی کا کام شروع کیا اور اس مقصد کے لیے جے سی بیز لگائے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار نے ٹوئیٹر کے ذریعہ قلعہ گولکنڈہ سے ایک کلومیٹر کی دوری پر موجود 16 ویں صدی کے اس تاریخی تالاب کی صفائی کے کام شروع ہونے کی اطلاع دی ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ کٹورا حوض کی صفائی کا کام شروع ہوگیا ہے ۔ یہاں ایف ٹی سی (فلوٹنگ ٹراش کلکٹر ) کو استعمال کرنا ممکن نہیں تھا ۔ اس لیے ہم جے سی بیز کا استعمال کرتے ہوئے اس تالاب کی صفائی کررہے ہیں ‘ ۔ اس تالاب میں خودرو پودے اور گھاس بہت ہوگئی ہے اس کے علاوہ مقامی لوگ اس میں کچہرا بھی ڈالتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں کی گئی نمائندگی پر کارپوریشن نے اس تالاب کی صفائی کے کاموں کیلئے فنڈس مختص کیے اور کام کا آغاز ہوا ۔ قلعہ گولکنڈہ کے علاوہ اس تالاب ( کٹورا حوض ) کو پانی کا ذخیرہ کرنے کیلئے سولہویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا ۔ اس میں زیر زمین نالے تھے جو جوبلی ہلز میں درگم چیرو تک جاتے تھے جہاں سے پانی کٹورا حوض میں آیا کرتا تھا ۔۔