گوٹیرس دہشت گردوں کے حامی، اسرائیل میں داخلہ ممنوع

   

تل ابیب : اسرائیل نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے تل ابیب میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی۔اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتیرس کو ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی پرزور مذمت نہ کرنے پر اسرائیل میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔اسرائیل کاٹز نے کہا کہ جو بھی ایران کے حملے کی مذمت نہیں کر سکتا تو وہ اس بات کا اہل نہیں کہ اسرائیل میں داخل ہو، یہ اسرائیل مخالف سیکرٹری جنرل ہیں جو دہشتگردوں، ریپسٹ اور قاتلوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد سوشل میڈیا بیان میں لکھا تھا میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی شدید مذمت کرتا ہوں، اسے فوری رکنا چاہیے، ہمیں سیز فائر کی اشد ضرورت ہے۔
مشرق وسطی میں کشیدگی کو پھیلنے سے روکا جائے: گوٹیرس
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے مشرق وسطی میں کشیدگی کے عدم پھیلاو کیلیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا ہے۔گوٹیرس نے گزشتہ شام ایران کی طرف سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد ایک تحریری بیان دیا ہے۔ گوٹیرس نے کہا کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کا پھیلاو قابل مذمت ہے، اسے فوری طور پر ختم کرتے ہوئے جنگ بندی بحال کی جائے۔