جموں: بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے چہارشنبہ کے روز کہاکہ گپکار الائنس کے لیڈران سازشیں رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ جموں وکشمیر کے پر امن حالات سے خوش نہیں ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔رویندر رینا نے کہاکہ گپکار الائنس کی جموں میں کل جماعتی میٹنگ سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ وہ سازشیں رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ پھر سے افرا تفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔بی جے پی یوٹی صدر نے کہاکہ سال 2018میں جب بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا اعلان کیا گیا تو گپکار الائنس نے چناو بائیکاٹ کا فیصلہ لیا اور آج یہ کس منہ سے چناو کی باتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پنچوں اور سرپنچوں کو کس نے یرغمال بنایا یہ سب کو معلوم ہے ۔رویندر رینا نے الزام لگایا کہ گپکار الائنس جموں وکشمیرکے خلاف سازشیں رچارہے ہیں اور انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔