نئی دہلی ۔7جون(ایجنسیز)ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کے بعد اپوزیشن نے ایک بار پھر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا ہے۔ اب گھریلو گیس سلنڈر 29 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ کانگریس لکھتی ہے کہ مودی کا فنڈا صاف ہے – عوام سے وصولی کرو، امیر دوست کی تجوری بھرو۔گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافے پر کانگریس کے علاوہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بھی ایکس‘ پر لکھا کہ ’’روٹی کے مہنگے ہونے سے تھالی گئی روٹھ، بی جے پی سے اب تو ہر آس گئی ٹوٹ۔سی پی آئی نے بھی اضافی قیمت کو واپس لینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ سرکاری تیل کمپنیوں نے 14.2 کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کی قیمت میں 29 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ دہلی میں سلنڈر کی قیمت 913 روپے سے بڑھ کر 942 روپے ہو گئی ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 7 جون سے نافذ ہو جائے گی۔ اس سے قبل یکم جون کو 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ تیل کمپنیوں نے کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں 42 روپے کا اضافہ کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں بھی 2 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 15 مئی سے سی این جی کی قیمتوں میں 4 الگ الگ ترامیم کے ذریعے مجموعی طور پر 6 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا جاچکا ہے۔