جارج ٹاؤن؍نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر منگل کو گیانا کے جارج ٹاؤن پہنچے جہاں صدر محمد عرفان علی نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر خوش آمدید کہا۔گزشتہ 56 سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا گیانا کا یہ پہلا دورہ ہے ۔گیانا کے وقت کے مطابق منگل کی دیر رات ہوائی اڈے پر پہنچنے پر مودی کا رسمی استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔دورے کے دوران مودی کے ساتھ محمد عرفان علی بات چیت کریں گے ، گیاناکے دیگر سینئر لیڈروں سے ملاقات میں مختلف باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گیاناپارلیمنٹ اور این آر آئیز کے ایک اجتماع سے بھی وزیراعظم نریندر مودی خطاب کریں گے ۔ مودی جارج ٹاؤن، گیانا میں ہونے والی دوسری کریکام-انڈیا سمٹ میں بھی شرکت کریں گے اور خطے کے ساتھ ہندوستان کی دیرینہ دوستی کو مزید بڑھانے کیلئے کریکام کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے ۔اس سے قبل 2023 میں، صدر محمد عرفان علی مدھیہ پردیش کے اندور میں 17 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس میں مہمان خصوصی کے طور پر ہندوستان آئے تھے ۔ اس وقت انہیں پرواسی بھارتی سمان سے بھی نوازا گیا۔وزیراعظم نریندر مودی تین ممالک کے دورہ کے آخری حصہ میں ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے برازیل میں G-20 اجلاس میں شرکت کی اور کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ باہمی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔