بیٹے کی شادی میں 21 سال بعد ملاقات، نوبیاہتا جوڑے کو آشرواد
حیدرآباد، 28 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر جگا ریڈی نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیر ہریش راؤ سے ان کی ملاقات کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد یا زاویہ نہیں ہے۔ آج سنگاریڈی میں جگا ریڈی کے بیٹے کی شادی کی تقریب کے موقع پر ہریش راؤ نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر نوبیاہتا جوڑے کو آشرواد دی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ جب ہریش راؤ 2004 میں وزیر تھے تو وہ دونوں ایک ساتھ دوپہر کا کھانا کھاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس میں شمولیت کے بعد ان کی ہریش راؤ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، حتیٰ کہ جب ہریش راؤ دس سال وزیر رہے اور وہ خود رکن اسمبلی تھے تب بھی دونوں نہیں ملے۔جگا ریڈی نے کہا کہ 21 سال کے طویل وقفے کے بعد آج پہلی مرتبہ ایک خاندانی تقریب میں دونوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی میں ہریش راؤ کو مدعو نہیں کر سکے تھے اور اس ملاقات کو کسی بھی طرح سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔ 2