رانچی: جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع میں لوٹوا ڈیم کے قریب منگل کو چھ بچے ڈوب گئے۔ یہ سب ہزاری باغ کے ماؤنٹ ایگمونٹ اسکول کے 11-12 کے طالب علم تھے اور ڈیم کے کنارے سیر کے لیے آئے تھے۔ طلباء کی شناخت رجنیش پانڈے، سمیت کمار، میانک سنگھ، پروین گوپ، ایشان سنگھ اور شیو ساگر کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام چھ افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ سات طالب علم ڈیم پرگئے تھے اور انہوں نے نہانے کے لیے نیچے جانے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے ایک گہرے پانی میں چلا گیا اور اسے بچانے کی کوشش میں دوسرے ڈوب گئے۔ ایک طالب علم کسی طرح تیرکر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اس واقعہ پرگہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ضلع ہزاری باغ کے لوٹوا ڈیم میں چھ بچوں کے ڈوبنے کی افسوسناک خبر سے دل افسردہ ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راحت اور بچاؤ کا کام کیا جا رہا ہے، خدا حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی روح کو سکون عطا فرمائے اور صبر جمیل عطا فرمائے غم کے اس مشکل وقت کو برداشت کرنے کیلئے سوگوار خاندانوں کو، سورین نے ایکس پر پوسٹ کیا۔