کیف، 22 اکتوبر (یو این آئی) یوکر ینی صدر ولودیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ یوکرین موجودہ جنگی محاذ پر تنازع کو منجمد کرنے اور روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے ۔ چہارشنبہ کے روز فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے زیلینسکی نے کہا کہ یوکرین روس سے کم از کم جنگ بندی کی توقع کرے گا جس کے بعد کیف امریکہ اور یورپی ممالک سے سیکیورٹی ضمانتیں حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں تنازعے کو منجمد کرنا ہوگا اور میرے خیال میں اس جنگ کو ختم کرنے کا یہ ایک حقیقی طریقہ ہے ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یوکرین جنگ کے خاتمے کے بدلے دونباس کا علاقہ روس کے حوالے کر دے گا، تو زیلینسکی نے کہا کہ یوکرینی لڑائی سے تھک چکے ہیں لیکن وہ آسانی سے اپنی زمین نہیں چھوڑ سکتے ۔ انہوں نے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ روس میدانِ جنگ میں جیت رہا ہے انہوں نے کہا کہ ماسکو کیف پر اپنے علاقے سے پیچھے ہٹنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مذاکرات میدانِ جنگ میں موجودہ پوزیشنوں سے شروع ہونے چاہئیں اور سفارت کاری کے ذریعے امن منصوبہ تیار کیا جانا چاہیے ۔