ہمارے شہریوں کو ہندوستانی فوج میں بھرتی نہ کیا جائے:نیپالی وزیر خارجہ

   

کھٹمنڈ و: نیپال نے ہندوستانی فوج سے کہا ہے کہ نئی بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے تحت نیپالی شہریوں کو بھرتی نہ کیا جائے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپال کے وزیر خارجہ نارائن کھڑکا نے ہندوستانی سفیر نوین سری واستوا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی فوج کی گورکھا رجمنٹ میں نیپالی نوجوانوں کی بھرتیوں کو ملتوی کرنے کا کہا۔خیال رہے کہ ’اگنی پتھ‘ کے اعلان سے ہندوستان میں بھی تنازع شروع ہوگیا تھا اور ہزاروں نوجوانوں نے اسکیم کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ہندوستانی فوج مغربی شہر بٹوال میں نیپالی نوجوانوں کی بھرتی شروع کرنا چاہتی تھی۔یکم ستمبر کو بھی مشرقی شہر دھرن میں نیپالیوں کی بھرتی طے کی گئی تھی۔نیپال کے وزیر خارجہ نے ہندوستانی سفیر سے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے متعلق نیپال میں تمام جماعتوں کی متفقہ حمایت ضروری ہے، جب تک تمام جماعتیں اتفاق نہیں کرتیں تب تک کیلئے بھرتیاں ملتوی کر دی جائیں۔ریٹائرڈ نیپالی جنرل کا کہنا ہے کہ ہمیں ان بھرتیوں کے اپنے معاشرے پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لینا ہوگا، یہ نوجوان جنگ اور اسلحہ کی تربیت لے کر واپس نیپال آئیں گے تو ہمارے یہاں مسلح بدامنی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔