نئی دہلی ،6ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندستان اور جنوبی کوریا نے دفاعی شعبہ میں دوطرفہ تعاون کاجائزہ لیا ہے اور اسے فروغ دینے کے لیے دومعاہدوں پر دستخط کیے ہیں ۔ جنوبی کوریا کے سہ روزہ دورے پر گئے وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ہم منصب جونگ یونگدو کے ساتھ سیول میں ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا۔دونوں لیڈروں نے کہاکہ دفاعی شعبہ میں تعاون ہندستان اور جنوبی کوریا کی خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کے مرکز میں ہے ۔انھوں نے فوجیوں اور دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون کے بارے میں تفصیلی گفتگوکی ۔ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل باہمی مفادات کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزرائے دفاع کی بات چیت کے بعد دفاعی شعبہ میں ایجوکیشنل ایکسچینج اور دونوں فوجوں کے درمیان فوجی سازوسامان کی فراہمی کے سلسلہ میں دومعاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ راج ناتھ سنگھ نے کوریاکے نیشنل سیمٹری جاکر ملک دفاع کے لیے اپنی جان کی قربانی دیونے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وہ وار میموریل بھی گئے جہاں انھوں نے ایک توصیفی سند پیش کی جو ہندستانی فوج کے 60 ویں پیرا فیلڈ اسپتال نے کوریائی جنگ کے دوران اپنی غیر معمولی خدمات کے عوض حاصل کی تھی ۔مسٹر سنگھ 4ستمبر کو سیول پہنچے تھے ۔اس سے قبل وہ دودن کے دورے پر جاپان میں تھے ۔