احمد آباد۔رواں سیریز میں غالب مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم جمعہ کویہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی کے ذریعہ سیریز میں کلین سویپ مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔ رواں سیریز میں جہاں ہندوستان کو بولروں نے فتوحات دلوائی ہیں وہیں ویسٹ انڈیز اپنے بیٹرس سے مطلوبہ مسابقت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ شکھر دھون اور شریاس آئیر کے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے اور تنہائی کے دور سے باہر آنے کے بعد ہندوستان سے توقع ہے کہ وہ اب مزید تجربات کرے گا کہ انہیں سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل ہے۔ اگر دھون کی واپسی ہوتی ہے تو یہ پہلے میچ میں روہت شرما ایشان کشن کے بعد ہندوستان کی نئی اوپننگ جوڑی ہوگی اور پھر دوسرے میچ میں رشبھ پنت شرما کے حیران کن ساتھی بنے تھے ۔ سابق کپتان ویرات کوہلی دو اوسط کارکردگی کے بعد ایک بڑی اننگز حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہوں گے جبکہ سوریہ کمار یادوکا مقصد درمیانی اوورز میں کے ایل راہول کے ساتھ تیز رفتار سے رنز بنانے کے علاوہ مڈل آرڈر میں اپنے اچھے مظاہرہ کو آگے بڑھانا ہوگا۔ بولنگ کے معاملے میں ہندوستان نے درمیانی اوورز میں متعدد وکٹیں لینے اور پہلے دس اووروں میں کچھ کامیابی حاصل کرنے کا اچھا مظاہرہ کیا، جس کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کمی تھی۔ پرسدھ کرشنا دونوں میچوں میں خاص طور پر دوسرے میچ میں متاثر کن رہے ہیں۔بہتر لینتھ کے ساتھ ہٹ دی ڈیک صلاحیت نے ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ آرڈر کی کمر توڑ دی۔ محمد سراج اور شاردول ٹھاکر نے ان کا ساتھ دیا ہے جبکہ اسپنر یوزویندر چہل اور واشنگٹن سندرشاندار کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے بڑا سر درد بیٹرس کی جانب سے شراکت کی کمی ہے۔ پہلے ونڈے میں 176 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم دوسرے مقابلے میں 237 رنزکا تعاقب کرنے میں ناکام رہی۔ دونوں میچوں میں لوور آرڈر نے ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ مہمان ٹیم کے بولروں خاص طور پر اوڈین اسمتھ، الزاری جوزف اور عقیل حسین نے اچھا مظاہرہ کیا لیکن وہ چاہیں گے کہ ان کے بیٹر اس موقع پر توقعات پرکھڑے ہوں۔ مجموعی طور پر ہندوستان سیریز کیلئے غیر اہم مقابلے میں کچھ اور تجربات کرنا پسند کرے گا جبکہ ویسٹ انڈیز کا مقصد سوپر لیگ کے کچھ اہم نشانات حاصل کرنے کے لیے بیٹ سے بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔ٹیم میں کپتان کیرن پولارڈ اور نیکولاس پورن ہیں لیکن وہ بھی ناکام ہوئے ہیں۔
ہندوستان ٹیم : روہت شرما (کپتان)،کے ایل راہول (نائب کپتان)،مینک اگروال، ریشپھ پنت (وکٹ کیپر)، ویرات کوہلی،سوریا کمار یاد شریاس ائیر،ایشان کشن (وکٹ کیپر)،، دیپک ہڈا، دیپک چہر،شردل ٹھاکر، یوزویند چہل کلدیپ یادیو، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، محمد سراج، پراسد کرشنا، اویس خان، شاہ رخ خان، رتوراج گائیکواڑ اورشکھر دھون۔ویسٹ انڈیز: کیرون پولارڈ (کپتان)، فیبین ایلن، نکرومہ بونر، ڈیرن براوو، شمارہ بروکس، جیسن ہولڈر، شائی ہوپ (وکٹ کیپر)، عقیل حسین، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، نکولس پوران (وی سی)، کیمر روچ، روماریو شیفرڈ، اسمتھ اوڈین اور جونیر والش ہیڈن۔