ہندوستان میں مشروم کی سالانہ مجموعی پیداوار 339 ہزار میٹرک ٹن

   

اترپردیش، اڈیشہ اور بہار سرفہرست، مقامی طلب کے اعتبار سے پیداوار
حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مشروم کی پیداوار میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ 2024-25ء کے دوران ہندوستان میں مشروم کی مجموعی پیداوار 339 ہزار میٹرک ٹن درج کی گئی۔ پیداوار کے اعتبار سے اترپردیش کو دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل ہے جہاں ایک سال میں 49 ہزار میٹرک ٹن مشروم کی پیداوار ہوئی ہے۔ اڈیشہ اور بہار دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جہاں علی الترتیب 47 ہزار اور 45 ہزار میٹرک ٹن مشروم کا پروڈکشن ہوا ہے۔ مہاراشٹرا اور اتراکھنڈ نے بھی مشروم کی پیداوار میں نمایاں حصہ داری ادا کی ہے جہاں تقریباً 32 ہزار میٹرک ٹن مشروم کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔ مشروم کی پیداوار میں جن ریاستوں نے اہم حصہ داری نبھائی اُن میں چھتیس گڑھ، پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور ٹاملناڈو شامل ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں اور ریاستوں میں مشروم کی پیداوار کے مختلف ہونے کا ماہرین کے مطابق مقامی ضروریات اور استعمال پر انحصار ہے۔ چھتیس گڑھ میں 27 ہزار میٹرک ٹن جبکہ پنجاب 20 ہزار میٹرک ٹن، ہریانہ 24 ہزار میٹرک ٹن، راجستھان 22 ہزار میٹرک ٹن اور ٹاملناڈو میں 19 ہزار میٹرک ٹن مشروم کی پیداوار ہوئی ہے۔ کرناٹک میں پیداوار 16 ہزار میٹرک ٹن درج کی گئی جبکہ تلنگانہ میں 8.3 ہزار میٹرک ٹن مشروم کا پروڈکشن ہوا ہے۔ آندھراپردیش، جموں و کشمیر، آسام، اروناچل پردیش، میگھالیہ، منی پور، تریپورہ، کیرالا اور دہلی میں انتہائی کم پیداوار ریکارڈ کی گئی۔V/1/k/b