ہندوستان و امریکہ دنیا کی بہتری کیلئے تال میل سے کام کریں گے : مودی

, ,

   

امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ مغرب ایشیاء بحران اور دیگر عالمی امور پر بات چیت

نئی دہلی 23 مئی ( ایجنسیز ) ہندوستان اور امریکہ دنیا کی بہتری کیلئے قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہ بات بتائی جب امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے ان سے ملاقات کی اور انہیں مغرب ایشیاء بحران اور دفاع ‘ حکمت عملی ٹکنالوجی ‘ تجارت و توانائی کے شعبہ میں باہمی تعاون کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ باہمی دورہ پر ہندوستان آمد کے بعد مسٹر روبیو نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مستقبل قریب میں وائیٹ ہا وز کے دورہ کی دعوت بھی دی ۔ امریکی سفیر متعینہ ہندوستان سرگئی گور نے یہ بات بتائی ۔ بعد ازاں وزیر اعظم مودی نے سوشیل میڈیا پر بتایا کہ ہم نے ہند ۔ امریاکہ جامع عالمی حکمت عملی شراکت داری میں ہوئی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امن و سکیوریٹی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اتوار 24 مئی کو مسٹر مارکو روبیو وزیر خارجہ ہند ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے ملاقات کریں گے اور امریکی سفارتخانہ کی یوم آزادی تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد مسٹر روبیو آگرہ اور جئے پور کا بھی دورہ کریں گے ۔ وزیر اعظم مودی سے مسٹر مارکو روبیو کی ملاقات کے بعد ایک بیان میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ٹامی پیگٹ نے کہا کہ ہندوستان ۔ امریکہ کیتعلقات دیرینہ مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی ہیں اور دونوں ملکوں کیلئے معاشی مواقع بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور وزیر اعظم مودی نے مغرب ایشیاء کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا ۔ مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ ‘ ایران کو اس بات کی اجازت نہیں دی کہ وہ عالمی توانئی مارکٹ کو یرغمال بنائے رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں توانائی کی پیداوار اتنی ہے کہ ہندوستان میں توانائی کی سپلائی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی قائدین نے حالیہ باہمی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے اور صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی کے مشن 500 کا بھی جائزہ لیا ہے جو دونوں ملکوں کے مابین تجارت کو 2030 تک دوگنی کرنے سے متعلق ہے ۔ مسٹر مارکو روبیو نے کہا کہ ہندوستان امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے ۔ ہم باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے آئندہ دنوں میں کچھ اہم اعلان کریں گے ۔کہا گیا ہے کہ مسٹر روبیو نے کئی علاقائی اور عالمی امور پر بھی مسٹر مودی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے ۔