نشین، 30 ستمبر (آئی اے این ایس) سری لنکا کے خلاف ایشین گیمز کے اہم سیمی فائنل سے قبل مسلسل بارش کے باعث انڈور پریکٹس کرنے پر مجبور ہندوستانی وکٹ کیپر سنجو سیمسن نے کہا ہے کہ ٹیم نے اس دوران حکمت عملی پر کام کرنے، جم سیشنز کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے اور سیمی فائنل کے لیے ذہنی طور پر مکمل طور پر تیار رہنے پر توجہ دی ہے۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان سیمی فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ حالیہ خراب موسم کے بعد اب دھوپ نکلنے سے ہندوستان اور سری لنکا کو ایشین گیمز کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مکمل اور مسابقتی مقابلے کی امید ہے۔ مقامی موسم کی پیش قیاسی کے مطابق میچ کے مقام پر موسم گرم اور صاف رہنے کا امکان ہے۔ اس سے دونوں ٹیموں کو راحت ملی ہے، کیونکہ بارش کے باعث کوارٹر فائنل کے تمام مقابلے منسوخ ہوگئے تھے۔ سیمسن نے میچ سے ایک روز قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، یہاں اچھی خاصی بارش ہوئی اور ناگویا میں اتنی اچھی بارش دیکھنا بھی دلچسپ تھا۔ اس دوران ہمیں کچھ اچھا وقت ملا۔ ہم نے ٹیم کی کچھ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ہم ہر روز ٹیم کے لیے کچھ نہ کچھ پریکٹس کرنے کی کوشش کررہے تھے، لیکن زیادہ تر ٹریننگ اور کنڈیشننگ جم میں ہوئی۔انہوں نے کہا ہم ایک ساتھ وقت گزار رہے تھے، کرکٹ، ٹیم کے امتزاج اور حکمت عملی پر بات کررہے تھے اور مسلسل اجلاس کے ذریعہ کھلاڑیوں کو ضرورت کے مطابق ذہنی طور پر تیار رکھنے کی کوشش کررہے تھے۔ ایسے وقت میں ہمیں زیادہ باخبر رہنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ اچانک ایک بڑے سیمی فائنل کے لیے میدان میں اترنا ہے۔ ہم سب اس بات سے واقف ہیں اور خوش قسمتی سے آج ہمارے پاس پریکٹس کے لیے دھوپ والا دن ہے، تاکہ ہم کل کے مقابلے کے لیے جو کچھ کرنا چاہتے ہیں، اس کی تیاری کرسکیں۔اگر ایک بار پھر خراب موسم کے باعث سیمی فائنل منسوخ ہوتا ہے تو ٹورنامنٹ کی سیڈنگ میں اعلیٰ درجہ رکھنے والی ہندوستانی ٹیم خودکار طور پرگولڈ میڈل کے مقابلے میں پہنچ جائے گی۔