ممبئی۔ آف اسپنرس روی چندرن اشون اورجینت یادو کے فی کس چار وکٹوںکی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں167 رنز پرڈھیرکرتے ہوئے372 رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی اوردومیچوں کی سیریزکو1-0 سے جیت لیا۔ ہندوستان کی یہ لگاتار14 ویں گھریلو سیریز کامیابی ہے ۔رنز کے لحاظ سے یہ ہندوستان کی سب سے بڑی کامیابی بھی ہے ۔ آدھی ٹیم کل ہی پویلین لوٹ چکی تھی، جبکہ آدھی ٹیم نے آج پہلے سیشن میں ہی گھٹنے ٹیک دئے ۔ یہ میچ اعجاز پٹیل کے لیے یادگاررہے گا جنہوں نے پہلی اننگز میں 10 وکٹیں لے کر اپنا نام تاریخ کے اوراق میں لکھوالیاہے ۔ دوسری جانب مینک اگروال جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں نصف سنچری بنائی۔ جینت یادو نے آج چار وکٹ لیے ۔ اس کے ساتھ ہی، اشون نے اننگز کا آخری وکٹ لیا، جو گھرریلو سرزمین پر ان کا300 واں ٹسٹ وکٹ تھا۔مینک اگروال کو پلیئر آف دی میچ اور اشون کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ہندوستان نے 2003 کے بعد پہلی مرتبہآئی سی سی ٹورنمنٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹسٹ چیمپئن شپ میں 12 نشانات حاصل کر لیے اور اس نے ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے ملی شکست کا بدلہ لے لیا۔چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کے لیے پانچ وکٹیں درکار تھیں اور نیوزی لینڈکو جیت کے لیے400 رنزچاہیے تھے ۔ تاہم دن کے پہلے ہی گھنٹے میں جینت یادوکی شاندار بولنگکی بدولت ہندوستانی ٹیم کو اپنی فتح تک پہنچنے کے لیے زیادہ انتظار نہیںکرنا پڑا۔ابتدائی چند اوورز میں کیوی بیٹسمینوں نے مثبت بیٹنگ کرتے ہوئے کچھ گیندوں کو باونڈری لائن کے باہرپہنچایا۔ کانپور ٹسٹ میں کیوی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کر میچ ڈرا کرانے والے بیٹسمین رچن روندر کا وکٹ آج سب سے پہلے گرا۔ انہیں جینت یادو نے دوسری سلپ میں کیچ آوٹ کرواکرہندوستان کو جیت کے راستے پر بڑھادیا۔ رچن نے50 گیندوں میں چارچوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے ۔اس کے بعد، جینت نے اپنے اگلے اوور میں کائل جیمیسن کو ایک آف اسپن گیند پرایل بی ڈبلیوکیا۔ اس کے ٹھیک دوگیند بعد ٹم ساؤتھی شاٹ لگانے کے لئے چہل قدمی کرتے ہوئے کریز سے باہرآئے لیکن گیند ان کے پیڈپر لگنے کے بعد وکٹ پر لگی اوروہ بولڈ ہوگئے ۔ اس کے تین گیند بعد اپنے اگلے اوورمیں شارٹ لیگ پر سمرول کو جینت نے کیچ کراکے اپنا چوتھا وکٹ لیا۔اس کے بعد اشون نے آخری وکٹ لے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ ہندوستانی پچ پر یہ اشون کا300 واں وکٹ تھا۔ گھریلو پچوں پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں اب وہ صرف انیل کمبلے سے پیچھے ہیں۔