ہند۔ونڈیز ونڈے سیریز خالی میدان میں ہوگی

   

احمد آباد۔ گجرات کرکٹ اسوسی ایشن (جی سی اے) نے منگل کو تصدیق کی کہ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ونڈے بین الاقوامی میچوں کی سیریز بند دروازوں کے پیچھے کھیلی جائے گی۔گجرات کرکٹ اسوسی ایشن کے آفیشل ہینڈل نے ٹویٹ کیا موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے، تمام میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ میدان میں شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔جی سی اے نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز ٹور آف انڈیا ونڈے سیریز 2022 کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ 6 فروری کو پہلا ونڈے ایک بہت ہی خاص اور تاریخی میچ ہو گا کیونکہ ہندوستان اپنا 1000 واں ونڈے کھیلے گا۔ ہندوستانی ٹیم پہلی کرکٹ ٹیم ہوگی جو یہ سنگ میل عبور کرے گی۔ہندوستان6 فروری سے نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں تین ونڈے میچ کھیلے گا اور اس کے بعد 16 فروری سے ایڈن گارڈنز کولکتہ میں ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی۔دریں اثنا مغربی بنگال حکومت نے ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹی20 سیریزکے لیے 75 فیصد عوام کی حاضری کی اجازت دی ہے۔کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال (کیب ) کے صدر اویشیک ڈالمیا نے اسٹیڈیم میں 75 فیصد حاضری کی اجازت دینے پر مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کیا۔کیب کے صدر اویشیک ڈالمیا نے ایک بیان میں کہا کہ ہم معزز وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، چیف سکریٹری اور مغربی بنگال کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی اسٹیڈیم میں شائقین کی 75 فیصد گنجائش کو واپس آنے کی اجازت دی۔