ہند۔پاک میچ پر نظریں

   

نئی دہلی۔ اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں روایتی حریف ہندوستان کے ساتھ کھیلنے کے دباؤ سے آگاہ، پاکستان خواتین کی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو توقع ہے کہ یہ میچ دونوں سرحدوں کی پار لڑکیوں کو کرکٹ میں کیریئر بنانے میں مدد دے گا۔ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں 6 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر تورنگا میں پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ یہ ٹورنمنٹ 4 مارچ سے 3 اپریل تک نیوزی لینڈ کے چھ شہروں آکلینڈ، کرائسٹ چرچ، ڈیونیڈن، ہیملٹن، تورنگا اور ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ماں بننے کے بعدکرکٹ کے میدان میں واپسی کرنے والی معروف نے کرائسٹ چرچ میں ایک انٹرویو میں کہا ہند۔ پاکستان کے درمیان میچ کسی بھی کھلاڑی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین پلیٹ فارم ہوتا ہے لیکن آخر میں پھر وہی ہوتا ہے کرکٹ کا کھیل۔ وہ میچ جس میں کسی کو اپنی بنیادی باتوں کو درست رکھتے ہوئے ایک عام میچ کی طرح کھیلنا ہوتا ہے۔ یہ کرکٹ کی سب سے بڑی مسابقت ہے اور شائقین کی نظریں اس میچ پر ہوں گی۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کی لاکھوں لڑکیاں اس میچ کو دیکھنے کے بعدکرکٹ کھیلنے کی ترغیب لیں گی۔