ہند۔چین ایل اے سی سے فوج ہٹانے کے تئیں پرعزم

   

نئی دہلی ۔ہندوستان اور چین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی)پر موجودہ تعطل کو دور کرنے کے لئے منگل کو ہوئی دونوں ممالک کے کور کمانڈروں کی چوتھی میٹنگ میں فوجیوں کو پیچھے ہٹانے کے معاملہ پر قائم اتفاق رائے کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔وزارت دفاع نے آج یہاں ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستانی فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈروں کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت کیلئے 14 جولائی کو ایک میٹنگ کا انعقاد ہندوستانی علاقے چشول میں کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سینئر کمانڈروں نے پہلے مرحلے میں سرحد سے فوجیوں کو پیچھے ہٹانے کے لئے ہوئی بات چیت کے نفاذ پرپیش رفت کا جائزہ لیا اورپوری طرح سرحدوں سے افواج کو پیچھے ہٹانے کے اقدام کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق دونوں فریق پوری طرح سے پیچھے ہٹنے کے مقصد کے لئے پرعزم ہیں۔