نئی دہلی، 4 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کا ہنگامہ منگل کو بھی جاری رہا جس کے باعث ایوان نہیں چل سکا اور پریذائیڈنگ آفیسر دلیپ سائکیا کو ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔سائکیا نے ایک بار التوا کے بعد دو بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ہنگامہ کرتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے ۔ سائکیا کے بار بار پوسٹر نہ لہرانے کی اپیل پر بھی اپوزیشن اراکین نہ مانے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز لے کر نعرے بازی کرتے رہے ۔ پریذائیڈنگ آفیسر نے ہنگامے کے درمیان ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھوائے ۔ اسی دوران انہوں نے وزیر مالیات نِرملا سیتارمن سے تخصیص (نمبر 3) بل 2026 ایوان میں رکھوایا جسے ایوان نے بغیر کسی بحث کے زبانی ووٹ سے منظور کر دیا۔پریذائیڈنگ آفیسر نے اراکین سے ہنگامہ نہ کرنے اور اپنی نشستوں پر جانے کی اپیل کی، لیکن اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ نہیں روکا تو انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی۔