نیویارک : اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں یمن کے کچھ حصوں میں قحط پھیلنے سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے مطابق یمن میں گزشتہ برس کے مقابلے شدید غذائی قلت کے شکار بچوں میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یمن میں غذائی قلت تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ 4 اضلاع قحط کی لپیٹ میں ہیں۔ یو این کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال کے آخر تک ساڑھے 18ہزار بچوں کا غذائی قلت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ یو این کی رپورٹ کے مطابق 2024ء میں تقریباً 2 لاکھ 23 ہزار حاملہ خواتین بھی غذائی قلت کا شکار ہو سکتی ہیں۔اسرائیل اور حماس میں جنگ کے بعد خطہ کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور دونوں کے درمیان جنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوام اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے بیرونی امداد کے منتظر ہیں اور جنگ کے باعث بروقت امداد کی فراہمی بھی مشکل ہوگئی ہے۔