یمنی افواج کا اندرون 24 گھنٹے حوثیوں کے خلاف256 کارروائیوں کا دعویٰ

   

صنعاء ۔ 29 ستمبر (ایجنسیز) یمنی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے کہا ہے کہ افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گرد حوثی ملیشیا سے تعلق رکھنے والے فوجی تنصیبات اور صلاحیتوں کے خلاف 356 دقیق ہدف بنانے والی کارروائیاں کی ہیں۔ عسکری ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ یہ کارروائیاں مختلف اور جدید صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کی گئیں اور ان میں ساحل، حرض، الطوال، کتاف، البقع، محور علی، الجوف، مارب، لحج، تعز اور البیضاء کے محاذوں پر حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کرنل النزیلی نے کہا کہ میدانی تخمینوں کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں ملیشیا کے 476 عناصر ہلاک و زخمی ہوئے۔ حوثیوں کے کئی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، اسلحہ کے گوداموں اور فیلڈ آرٹلری کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کی دیگر عسکری گاڑیوں اور سامان کو تباہ اور ناکارہ بنا دیا گیا۔فوج کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے بے گناہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے اپنے مسلسل طریقہ کار کے تحت تعز میں ابو ایوب انصاری سکول اور حذیفہ بن الیمان سکول جیسے سکولوں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، اسلحہ کے گوداموں اور جدید عسکری سپلائی کے گوداموں میں تبدیل کر دیا اور تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو مجبور کیا کہ وہ ان سکولوں میں ان کی موجودگی کے دوران ہی اپنے بچوں کو پڑھنے کیلئے بھیجیں۔کرنل النزیلی نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج حوثیوں سے تعلق رکھنے والے جائز عسکری اہداف کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور ملیشیا کی صفوں میں گمراہ ہونے والوں سے اپیل کی کہ وہ جب تک ممکن ہو اور جلد از جلد اپنی جانیں بچائیں۔ عسکری ترجمان نے حوثی ملیشیا کے عناصر اور سامان کو نشانہ بنانے کی مسلح افواج کی کارروائیوں کی ایک ویڈیو شائع کی۔