لکھنو : اترپردیش کے بریلی میں مجلس اتحاد المسلمین کے مقامی لیڈر توفیق نے تقریباً 700 مربع میٹر اراضی پر 2 منزلہ ہوٹل تعمیر کی تھی جن پر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے اجازت نہ لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے عمارت کو منہدم کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ایک بار پھر بلڈوزر کارروائیوں کو تیز کردیا ہے۔ اس بار بریلی کے مجلسی لیڈر کی ہوٹل کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اسے پوری طرح منہدم کردیا گیا۔ مجلسی لیڈر توفیق پردھان کی دومنزلہ ہوٹل کی عمارت کو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بلڈوز کردیا۔ ہوٹل پر بلڈوزر کے ذریعہ کی گئی کارروائی کو جمعرات کی شام تک انجام دیا گیا۔ اتھارٹی حکام نے الزام عائد کیا کہ ہوٹل گرین بیلٹ کو ختم کرنے کے بعد غیرقانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔یہی وجہ ہے کہ ہوٹل کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ توفیق کو کئی بار قانونی نوٹس بھیجے گئے تھے۔ وہیں بلڈوزر کی کارروائی پر مجلسی لیڈر توفیق نے کہا کہ ’’مجھے مسلمان ہونے کی سزا ملی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ قبل ازیں سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور سابق ایم ایل اے شاہزل اسلام کے پٹرول پمپ پر بھی ایسی ہی کارروائی کی گئی تھی۔