حیدرآباد21 مئی (سیاست نیوز) حکومت 2 جو ن کویوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر ریاستی ترانہ کا اجراء کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینہ میں کئے گئے فیصلہ کے مطا بق ’جئے جئے ہے تلنگانہ‘ نغمہ کو مختصر کرکے اسے 2جون کو ریاستی درجہ دینے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد کرکے نغمہ لکھنے والے شاعر اندے سری اور اس نغمہ کے میوزک ڈائریکٹر و دیگر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے یوم تاسیس کے موقع پر سونیاگاندھی کی موجودگی میں ریاستی ترانہ کا اجراء انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی قومی سطح پر منفرد شناخت کو یقینی بنانے اس پیشرفت کے متعلق کہا کہ 10 سال تلنگانہ کی تشکیل کو ہونے جا رہے ہیں لیکن حکومت سے تلنگانہ کا کوئی ترانہ تیار نہیں کیاگیا لیکن کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ عوام اور ان کے جذبات کو ظاہر کرنے تلنگانہ ریاستی ترانہ کا انتخاب کرکے اسے قطعیت دینے کا فیصلہ کیا اور کابینہ کی منظوری کے بعد حکومت نے اندے سری کے لکھے ترانہ کو سرکاری ترانہ کے طور پر قبول کیا ہے۔ حکومت سے ترانہ کو قطعیت دینے کے بعد شاعراندے سری نے اس کو مختصر کرکے 1منٹ 30سیکنڈ کا کردیا ہے جو کہ ریاستی ترانہ کے طور پر اختیار کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ’جئے جئے ہے تلنگانہ ‘ نغمہ کو ریاستی ترانہ قرار دینے کے بعد حکومت نے اس میں معمولی تبدیلیوں کی سفارش کی تھی کیونکہ یہ ترانہ تشکیل تلنگانہ سے قبل اور جدوجہد کے دوران تحریر کیا گیا تھا اس میں معمولی تبدیلیوں کی ضرورت تھی اور کچھ اضافہ ضروری تھا ۔ حکومت کی سفارشات کی بنیاد پر تحریر ترانہ کو آج چیف منسٹر ریونت ریڈی نے منظوری دی اور اس کو 10ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری کیا جائے گا۔3