جھانسی : اترپردیش کے جھانسی میں ایک دواخانہ کے چلڈرنس وارڈ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 10 بچے ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 32 کو بچالئے جانے کا ادعا کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جھانسی میڈیکل کالج ہاسپٹل کے چلڈرنس وارڈ میں رات 10.35 بجے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کے بعد بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو مریضوں کو بچانے جدوجہد کرتے دیکھا گیا ۔ ضلع مجسٹریٹ جھانسی اویناش کمار نے بتایا کہ وارڈ میںموجود عملہ کے مطابق رات 10.35 بجے یہ آگ لگی ۔ آگ چلڈرنس وارڈ کے دو یونٹس میںل گی تھی جو شائد شارٹ سرکٹ کا نتیجہ تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ بیشتر بچوں کو بچالیا گیا ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق 10بچے اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے مہلوک بچوں کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں اور ڈاکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریلیف کاموں کیلئے فوری وہاں پہونچیں۔