لکھنؤ: اتر پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے امتحانات چہارشنبہ سے شروع ہوئے اور پہلے دن تقریباً 40 فیصد طلباء غیر حاضر رہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے دن تقریباً 41889 طلباء امتحان چھوڑ دیا۔ چہارشنبہ کو پہلی شفٹ میں صرف 68755 طلباء امتحان میں شریک ہوئے، جبکہ امتحان میں 101182 طلباء نے داخلہ لیا تھا۔ دوسری شفٹ میں 9462 طلباء نے امتحان چھوڑ دیا۔ بورڈ کے چیئرمین افتخار احمد جاوید نے کہا کہ طلباء ریاست کے 73 اضلاع میں پھیلے 539 مراکز پر امتحان دے رہے ہیں۔اس بار مدرسہ کے امتحانات سخت ماحول میں منعقد ہو رہے ہیں جس میں 8000 سے زیادہ اساتذہ نقل سے پاک امتحان کو یقینی بنا رہے ہیں۔ امتحانی مراکز کے تمام کمروں میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ لکھنؤ میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔