طلباء کے احتجاج کے بعد تاریخ میں تبدیلی ۔ ایک ہی دن دو شفٹوں میں انعقاد کا فیصلہ
الٰہ آباد: یوپی پبلک سرویس کمیشن کے امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ۔ کمیشن نے ایک نوٹس جاری کرکے بتایا کہ اب یہ امتحان 22 دسمبر کو منعقد ہوگا اور دو شفٹوں میں لیا جائے گا۔ پہلی شفٹ صبح 9.30 بجے سے 11.30 بجے تک اور دوسری شفٹ دوپہر 2.30 بجے سے 4.30 بجے تک ہوگی۔پہلے یہ امتحان 7 اور 8 دسمبر کو ہونا طے پایا تھا لیکن طلباء نے امتحان کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرکے مسلسل پانچ دنوں تک احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ امتحان کو مؤخر کیا جائے۔اس احتجاج کے پیش نظر کمیشن نے ابتدائی طور پر امتحان کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا ۔دراصل، جمعرات کو نوٹس جاری کر کے اس امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا مطالبہ چار دنوں سے مسلسل احتجاج کر رہے طلبا کی طرف سے کیا جا رہا تھا لیکن اس کے بعد بھی طلباء نے اپنا احتجاج ختم نہیں کیا۔ طلباء کا مطالبہ تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ ایسے میں کمیشن نے جمعہ کو ہی پی ایس سی امتحان کی نئی تاریخ کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی ہیں۔اس دوران چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر کمیشن نے فیصلہ کیا کہ امتحان کو ایک ہی دن مکمل کیا جائے گا، تاکہ طلباء کی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی، ریویو آفیسر (آر او) اور اسسٹنٹ ریویو آفیسر (اے آر او) کے امتحانات 2023 کو بھی مؤخر کر دیا گیا ۔ ان امتحانات کی شفافیت و غیر جانبداری کو یقینی بنانے کمیٹی قائم کی گئی ، جو جلد رپورٹ پیش کریگی۔ کمیٹی اس بات کو یقینی بنائیگی کہ امتحانات شفاف وانصاف پر مبنی ہوں اور طلباء کے خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔