لکھنؤ: ٹماٹر کے بعد اب پیاز تہواروں کے موسم میں صارفین کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔ خوردہ بازار میں پیاز کی قیمتیں پچھلے ایک ہفتے میں دگنی ہو کر 30-35 روپے فی کلو گرام سے 60-80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں۔پچھلے چار مہینوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب اگست کے بعد پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جب پیاز 100 روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس سے کچن کے بجٹ پر چند ماہ قبل ٹماٹر کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے بعد دباؤ پڑا ہے۔پیاز کی قیمتوں میں یہ اضافہ خاندانوں اور ریسٹورنٹ مالکان کیلئے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ تاجروں کو خدشہ ہے کہ آنے والے مہینوں میں قیمتوں میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔ پیاز کی قیمتوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔تھوک فروشوں کے مطابق رواں سال کے شروع میں خراب موسم، شدید گرمی اور مسلسل بارشوں کے باعث پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے پیاز کی تھوک قیمتوں میں اضافہ ہوا۔سیتا پور منڈی کے ایک تاجر پپو سونکر نے کہا، ’’اس وقت ہمیں مقامی بازار میں پیاز کے صرف 20-30 ٹرک مل رہے ہیں۔