یوکرین میں برطانوی ٹینک بھی جل جائیں گے، کریملن ترجمان

   

ماسکو : کریملن کے ترجمان پیسکوف نے کہا ہیکہ یوکرین بھیجے جانے والے برطانوی ٹینک بھی دیگر مغربی ہتھیاروں کی طرح جل ہی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کو مزید دیے جانے والے جدید مغربی ہتھیاروں سے بھی جنگ کا پانسہ نہیں پلٹے گا۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ برس 24فروری کے روز ملکی فوج کو یوکرین میں مسلح مداخلت کا جو حکم دیا تھا، اس کے بعد سے جاری روسی یوکرینی جنگ آج تک جاری ہے۔ اس جنگ میں کیف حکومت کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک اب تک یوکرین کو بیسیوں ارب ڈالر مالیت کے جنگی ہتھیار فراہم کر چکے ہیں۔ ان ہتھیاروں اور عسکری ساز و سامان میں کئی طرح کے راکٹ سسٹمز، ڈرونز، بکتربند گاڑیوں اور مواصلاتی نظاموں سمیت بہت کچھ شامل تھا۔ یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی طرف سے جنگی ہتھیاروں کی فراہمی کے اسی سلسلے کے تحت ہفتہ 14 جنوری کے روز لندن حکومت نے یہ اعلان کیا تھا کہ برطانیہ آئندہ ہفتوں کے دوران یوکرین کو اپنے چیلنجر دو طرز کے 14 ٹینک اور توپ خانے سے متعلق دیگر عسکری سامان بھی مہیا کرے گا۔