۔4 جنوبی ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال میں بہتری

   

ہلاکتوں کی جملہ تعداد225 ، مہاراشٹرا میں یوم آزادی تقاریب منسوخ

ترواننتا پورم / ممبئی / بنگلور و ۔ /13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) 4 سیلاب زدہ جنوبی ریاستوں میں آج جملہ ہلاکتوں کی تعداد 225 ہوگئی ۔ جبکہ 91 افراد صرف کیرالا میں لاپتہ بتائے جاتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب کرناٹک اور مہاراشٹرا میں صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔لیکن راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیاں ہنوز جاری ہیں ۔ مغربی مہاراشٹرا میں پانی اترنا شروع ہوگیا ہے ۔ جملہ ہلاکتوں کی تعداد آج 49 ہوچکی ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکز سے 6813 کروڑ روپئے امداد طلب کی ہے ۔ جبکہ حالیہ سیلاب اور اس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے ضائع ہوجانے کی بنا پر چیف منسٹر مہاراشٹرا اور گورنر نے تمام روایتی یوم آزادی سرکاری تقاریب منسوخ کردی ہیں ۔ سفارت کاروں اور نامور شہریوں کیلئے وزیراعظم دیویندر فرنویس /14 اگست کو اور /15 اگست کو ارکان اسمبلی کیلئے مہاراشٹرا اسمبلی میں ایٹ ہوم کا اہتمام کیا کرتے تھے۔گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے بھی پونے میں منعقد شدنی ایٹ ہوم جو /15 اگست کو منعقد کیا جاتا تھا منسوخ کردیا ہے ۔ تاہم گورنر اور چیف منسٹر دونوں نے مہاراشٹرا کے شہریوں کو یوم آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے ۔