بہار اسمبلی انتخابات ، دوسرے مرحلہ میں 54 فیصد رائے دہی

   

مدھیہ پردیش کے 28 اسمبلی حلقوں سمیت 10 ریاستوں میں 54 حلقوں کیلئے بھی ضمنی انتخابات

پٹنہ : بہار اسمبلی کیلئے ہوئے دوسرے مرحلہ کے انتخابات میں 94 حلقوں میں رائے دہی ہوئی۔ 17 اضلاع پر محیط ان حلقوں میں شام 5 بجے تک 54 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ نے پولنگ بوتھس پر بڑے پیمانہ پر سکیورٹی فورسیس کو تعینات کیا تھا۔ کوویڈ ۔ 19 وباء کے باعث رائے دہی کو 6 بجے تک جاری رکھا گیا۔ مدھیہ پردیش میں 28 اسمبلی نشستوں کے بشمول 10 ریاستوں میں پھیلے ہوئے 54 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو اپنی حکومت بچانے کے لئے کانگریس سے سخت مقابلہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے سکریٹری جنرل اومیش سنہا نے کہاکہ بہار اسمبلی انتخابات کے سب سے بڑے مرحلہ میں رائے دہی کے بشمول 10 ریاستوں میں 54 اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ کوویڈ ۔ 19 وباء کے دوران دنیا میں اب تک کی سب سے بڑی رائے دہی ہندوستان میں ہوئی۔ 2.84 کروڑ رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ 243 رکنی اسمبلی میں اب تک 165 حلقوں میں رائے دہی ہوئی ہے۔