Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستان میں یکساں سیول کوڈ کا نفاذ ممکن نہیں

ہندوستان میں یکساں سیول کوڈ کا نفاذ ممکن نہیں

صوفی کانفرنس میں وزیراعظم کی تقریر کا خیرمقدم، پی چدمبرم کا اظہار خیال
حیدرآباد20 مارچ (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہاکہ ہندوستان مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کا ملک ہے۔ یہاں یکساں سیول کوڈ کا نفاذ ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ یکساں سیول کوڈ ایک اصلاحی اقدام ہوگا لیکن ہندوستان میں یہ ممکن نہیں ہے۔ ہمہ تہذیبی ملک میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ چدمبرم حیدرآباد میں ایک کتاب کی رسم اجراء کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چدمبرم نے صوفی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر کا خیرمقدم کیا لیکن کہاکہ نریندر مودی اپنی پارٹی کے قائدین کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کیسا لباس پہننا چاہئے، کیا کھانا چاہئے، کس سے محبت کرنا اور شادی کرنا چاہئے یہ سب چلنے والا نہیں ہے۔ عوام کی اپنی مرضی اور پسند ہونی چاہئے۔ آپ کیا چاہتے ہیں سیول کوڈ یا دو عددی ترقی، چدمبرم نے کہاکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ ہندوستان کی شرح ترقی دس فیصد ہو۔ غریبی ختم ہو یہ باتیں پسند کرنے کی ہیں۔ وزیراعظم کی سوچھ بھارت مہم پر تنقید کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ ہر تبدیلی اصلاح نہیں ہے۔ حیدرآباد میں گلیوں کی صفائی ضروری ہے لیکن یہ اصلاح نہیں ہے۔ آپ یہ کام کل بھی کریں اور پرسوں بھی کریں۔ اصلاح عوام کے کردار میں بنیادی تبدیلی کا کام ہے۔ چدمبرم نے سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کو انتہائی سمجھ دار وزیراعظم قرار دیا اور کہاکہ نرسمہا راؤ سے بعض اچھے کام بھی ہوئے اور بُرے کام بھی ہوئے۔ چدمبرم نے کہاکہ بابری مسجد کے انہدام کے وقت کوئی کارروائی نہ کرنا سنگین غلطی تھی لیکن نرسمہا راؤ کی معاشی اصلاحات غیرمعمولی تھیں۔ نرسمہا راؤ نے تجارتی اصلاحات کی فائیلس پر صرف تین منٹ میں دستخط کردیئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT