دہلی شراب اسکام میں کویتا نے 100 کروڑ روپئے رشوت لی ‘ ای ڈی کادعوی

,

   

عام آدمی پارٹی کے قائدین سے رقمی لین دین ہوئی ۔ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ میںچیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کا نام بھی شامل ۔ ضمنی چارج شیٹ عدالت میںپیش

حیدرآباد۔/2فروری، ( سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام کی تحقیقات کرنے والی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے عدالت میں ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے جس میں دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کا تذکرہ کیا ہے جبکہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کا نام بھی چارچ شیٹ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ ای ڈی نے 428 صفحات پر مشتمل ضمنی چارج شیٹ انسداد غیر قانونی رقمی لین دین ( پی ایم ایل اے ) کی عدالت روز ایوینیو ضلع کورٹ کے سیشن جج کے اجلاس پر پیش کی۔ ای ڈی نے چارج شیٹ میں یہ دعویٰ کیا کہ اس کیس میں 6 ملزمین سمیر مہیندرو، پی شرت چندرا ریڈی، بینوئے بابو، وجئے نائر، ابھیشک بوئن پلی اور امیت اروڑہ کو گرفتار کیا گیا اور وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ ای ڈی نے چارج شیٹ میں یہ بتایا کہ دہلی کے شراب کاروبار میں بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا کا بھی اہم رول ہے اور تقریباً 100 کروڑ روپئے رشوت کی رقم حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ کویتا کے حامیوں سے متعلق ایک کمپنی انڈواسپرٹس کے ذریعہ رقمی لین دین کی گئی ۔ ای ڈی نے بتایا کہ اس کیس کے اہم ملزم ارون پلائی نے 12 نومبر 2022 کو اپنے بیان میں یہ بتایا کہ کے کویتا اور عام آدمی پارٹی قائدین کے درمیان 100 کروڑ کی رقمی لین دین ہوئی اور انڈو اسپرٹس کمپنی میں شراکت داری بھی ہے جبکہ اسی چارج شیٹ میں یہ دعویٰ کیاگیا ہے کہ اس کیس کے ملزم سمیر نے بتایا ہے کہ کویتا ہی کمپنی کی اصل سرمایہ کار ہیں۔ تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی ہند کے سیاسی قائدین کی مدد سے’ ساؤتھ گروپ ‘ قائم کیا گیا تھا اور اس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر دہلی شراب پالیسی کے تحت رقمی فائدہ حاصل کرنے کئی دھاندلیاں کی گئیں۔ ای ڈی نے ضمنی چارج شیٹ میں کہا کہ ساؤتھ گروپ میں کے کویتا کے علاوہ آندھرا پردیش کے رکن پارلیمنٹ ماگنٹو سرینواس ریڈی ( ایم ایس آر ) اور ان کے بیٹے راگھو ماگنٹو بھی شامل ہیں۔ ای ڈی نے تحقیقات میں پتہ لگایا ہے کہ دہلی شراب پالیسی میں فائدے حاصل کرنے سمیر مہیندرو نے کویتا سے ان کی رہائش گاہ بنجارہ ہلز میں ملاقات کی تھی اور کاروبار سے جڑے کئی افراد سے فیس ٹائم کے ذریعہ بات کروائی تھی۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ 25 کروڑ پر مشتمل 8 زونس قائم کئے گئے تھے جس کے ذریعہ 200 کروڑ روپئے کمانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے چارج شیٹ میں ملزمین اور اسکام سے جڑے افراد کے واٹس ایپ چیاٹ اسکرین شارٹس داخل کئے ہیں۔ اسکام میں کروڑہا روپئے کی رشوت کیلئے دہلی کے بڑے ہوٹلس تاج مان سنگھ، جے ڈبلیو میریٹ اور حیدرآباد کی آئی ٹی سی کوہِ نور ( مادھا پور ) میں کئی ملاقاتیں کی گئی تھیں۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ کیس کے اہم ملزم ابھیشک بوئن پلی نے بی آر ایس کی ایم ایل سی کویتا سے ان کی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز پر ملاقات کی تھی۔ ڈائرکٹوریٹ نے یہ واضح طور پر بتایا ہے کہ اس کیس سے جڑے بعض ملزمین نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال سے ملاقات کی اور کئی مرتبہ فیس ٹائم کے ذریعہ بات چیت کی ہے۔