رکن اسمبلی ملک پیٹ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر احتجاج

,

   

حیدرآباد ۔ /21 مئی (سیاست نیوز) بی جے پی کی ایس سی مورچہ سکریٹری بنگارو شروتی نے آج ملک پیٹ رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر چند گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کی ۔ شروتی نے حامیوں کے ساتھ چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن پہونچ کر بھوک ہڑتال شروع کردی جس پر پولیس پریشان ہوگئی ۔ بنگارو شروتی نے کہا کہ دو ہفتہ قبل رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف چادر گھاٹ پولیس میں ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت شکایت کی تھی لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ شروتی نے کہا کہ پولیس مجلسی رکن اسمبلی کی پشت پناہی کررہی ہے اور کھلے عام خاتون دلت لیڈر سے بدسلوکی کے باوجود ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی خاموشی دلتوں کے ساتھ ناانصافی ہے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ /6 مئی کو عصمت ریزی کی شکار دلت لڑکی سے ملاقات کیلئے وہ کمل نگر پہنچی تھی جس پر اعتراض کیا اور قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا ۔ انہوں نے /9 مئی کو چادر گھاٹ پولیس میں مجلسی رکن اسمبلی کے خلاف ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے شکایت کی تھی ۔ درخواست پر قانونی رائے حاصل کرنے لیگل سیکشن سے پولیس رجوع ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ چادر گھاٹ کے مقامی مجلسی کارکن شکیل نے کمل نگر کی ساکن 16 سالہ دلت لڑکی کی عصمت ریزی کی تھی جس پر پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا ۔