مسجد خواجہ محمود کی دوبارہ تعمیر کیلئے آج بعد نماز جمعہ سنگ بنیاد

,

   

نماز جمعہ کی مشروط اجازت ۔ مسئلہ کا خوشگوار حل دریافت کرلیا جائیگا ۔ وزیر داخلہ محمود علی کا بیان ‘ پرکاش گوڑ نے دورہ کیا

حیدرآباد۔4۔اگسٹ(سیاست نیوز) شہید مسجد خواجہ محمود کی دوبارہ اسی جگہ تعمیر کیلئے بعد نماز جمعہ سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت مسجد خواجہ محمود کے مسئلہ کا خوشگوار حل تلاش کرلے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے نہیں دی گی۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ مسئلہ کے مستقل حل کیلئے محکمہ مال اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔انہو ںنے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ صبر وتحمل سے کام لیں کیونکہ حکومت تلنگانہ مسلمانوں کے جذبات سے واقف ہے اور ان سے انصاف کیا جائیگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ دو یوم قبل شہید مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے مطالبہ میں شدت کو دیکھتے ہوئے مسجد کی دوبارہ تعمیر پر آمادگی ظاہر کی جاچکی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کیلئے دن بھر مشاورت کی اور جمعہ کی نماز کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے مقامی ذمہ داروں کو مقامی عوام کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی کی تاکید کی اور نماز جمعہ کیلئے 50تا60 افراد کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسجد کی شہادت کے بعد مسلمانوں میں برہمی اور مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے احتجاج کے بعد دوبارہ اسی مقام پر مسجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال یا بلدیہ سے تحریری اجازت نہیں دی گئی ہے۔ محکمہ مال کو سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ مل چکی ہے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائیگا۔رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ نے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کو تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ وہ بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کے خوشگوار حل کی کوشش کر رہے ہیں۔ پرکاش گوڑ نے گذشتہ شب مسجد کا دورہ کرکے مقامی مسلمانوں کے ہمراہ اپنی نگرانی میں ملبہ کی صفائی شروع کی اور ملبہ میں موجود جائے نمازوں اور قرآن مجید کے نسخوں کو برآمد کرنے میں تعاون کیا ۔ کاروان رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے توثیق کی کہ مسجد خواجہ محمود شمس آباد کی اسی مقام پر تعمیر کیلئے بعد نماز جمعہ سنگ بنیاد رکھا جائیگا اور وہ خود جمعہ کے موقع پر موجود رہیں گے۔ رکن اسمبلی راجندر نگر کو مقامی مسلمانو ںنے تفصیل سے واقف کروایا اور پولیس کی پابندیوں کو فوری برخواست کروانے کی خواہش کی۔ ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کیلئے سخت صیانتی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد جگدیشور ریڈی نے مقامی مسلمانوںکے ہمراہ اجلاس منعقد کرکے انہیں صورتحال سے واقف کروایا اور امن و امان کی برقراری میں تعاون کی اپیل کرکے گنگاجمنی تہذیب کی برقراری کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ شمس آباد میں آج دن بھر پولیس کی گشت اور مختلف مقامات پر پکٹس کی تعیناتی کے ذریعہ امن و امان کی برقراری کے اقدامات کئے گئے ۔محمد جہانگیر خان رکن بلدیہ نے بتایا کہ بعض مفادات حاصلہ شمس آباد کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان چند لوگوں کے ذریعہ شمس آباد کے عوام کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوپائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ روز اول سے مسجد خواجہ محمود کے انہدام کی مذمت کر رہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہاہے کہ وہ مسجد کی دوبارہ تعمیر کو یقینی بنائے ۔ پرکاش گوڑ کے دورہ میں سید رفیع الدین قادری‘ سید معزالدین قادری‘ محمد امجد ‘ محمد افروز‘ محمد اظہر ‘ حفیظ الدین ‘ محمد عبدالقیوم حسین و دیگر موجود تھے۔م