’’ممتا دیدی ‘‘کا غصہ انتخابی شکست کا عکاس:مودی

,

   

کولکاتا : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کوچ بہار میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں کہیں پر بھی ترنمو ل کانگریس نظر نہیں آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں اور امید ہے کہ 2مئی کے بعد بنگال میں ترنمول کانگریس کا وجود ختم ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے دو مرحلے کی پولنگ میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ دیدی رخصت ہورہی ہے ۔بنگال میںا یسی لہر کبھی بھی پہلے نہیں دیکھی گئی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بی جے پی ہی شیاما پرساد مکھرجی کے خوابوں کے بنگال کی تعبیر کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مکھرجی کے نظریات اور فکر نے ہمیں عوام کے لئے جدو جہد کرنے اور ان کی زندگی بہتر بنانے کے لئے حوصلہ دیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دیدی آج کل پوچھ رہی ہیں کہ کیا بی جے پی خدا ہے جو جانتی ہے کہ وہ جیت رہی ہے ۔ لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جنتا جناردن خدا کی شکل ہے اور اس کے چہرے کو دیکھ کر ، آپ کو معلوم ہوگا کہ ہوا کا رخ کیا ہے ۔ آپ کی زبان ، آپ کا غصہ ، آپ کی آواز ، یہاں تک کہ ایک بچہ بھی بتا سکتا ہے کہ دیدی کا پتہ صاف ہورہا ہے ۔آپ الیکشن ہار رہی ہیں۔ دیدی ، آپ میدان چھوڑ چکی ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ دیدی کو آپ کو بار بار کہنا پڑتا ہے کہ آپ نندیگرام سے الیکشن جیت رہی ہیں۔نندی گرام میں پولنگ کے دن آپ نے کیا کھیل کھیلاپورا ملک جانتا ہے کہ آپ ہار رہی ہیں۔ اس کے لئے خدا سے مانگنے کی ضرورت نہیں ہے ۔