مودی کی صدر فلپائن سے فون پر بات

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور انہیں فلپائن کے 17ویں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دفتر وزیراعظم کے مطابق دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں تیزی سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مودی نے ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ایشیا پیسیفک خطہ کے ہندوستان کے ویژن کے تئیں فلپائن کے ذریعہ ادا کئے گئے کردار کی اہمیت کو دہرایا۔ وزیر اعظم نے مارکوس جونیئر کو یہ بھی یقین دلایا کہ ہندوستان فلپائن کے ترقیاتی منصوبوں کی مکمل حمایت کرے گا۔ یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی جب چین نے اس ہفتے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے پر سخت اعتراض کیا۔