کرناٹک میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت ، بی جے پی کیخلاف یوتھ کانگریس کاا حتجاجی مظاہرہ

,

   

نئی دہلی ۔ 9 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین یوتھ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک میں غلط راستے اور ذرائع استعمال کرتے ہوئے بی جے پی بعض دیگر جماعتوں کے ارکان کو مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے جہاں (کرناٹک میں) کانگریس ۔ جے ڈی ( ایس) مخلوط حکومت دونوں جماعتوں کے کئی ارکان مقننہ کے مستعفی ہوجانے کے بعد بحران کا سامنا کررہی ہے ۔ انڈین یوتھ کانگریس ( آئی وائی سی ) کے حامیوں نے اس مسئلہ پر رائینا روڈ سے پارلیمنٹ ہاؤز تک جلوس نکالا جنھیں پولیس نے درمیانی راستہ میں روک دیا۔ یوتھ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ، کرناٹک میں ارکان اسمبلی کو لالچ اور رقومات دیکر خرید رہی ہے۔ یوتھ کانگریس کے نائب صدر پی وی سرینواس نے کہا کہ ’’بی جے پی غیرجمہوری او رغیرمنصفانہ ذرائع استعمال کرتے ہوئے کرناٹک میں جے ڈی (ایس ) اور کانگریس کے ارکان کو مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے ‘‘ ۔ سرینواس نے کہاکہ بی جے پی جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے اور ارکان اسمبلی کو خریدنے کے غیرجمہوری راستہ پر اُتر آئی ہے ۔