کویتا ناسازی طبیعت کی بناء ای ڈی میں حاضر نہ ہوئیں، دہلی میں ڈرامائی سرگرمی

,

   

20 مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت۔بی آر ایس کے حلقوں میں دن بھر تجسس رہا۔ نصف ریاستی کابینہ کا دہلی میں قیام، کویتا کے سامنے 4 آپشنس
حیدرآباد۔/16 مارچ، ( سیاست نیوز) ملک بھر میں سنسنی پیدا کرنے والے دہلی شراب اسکام کیس میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا پوچھ تاچھ کیلئے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے سامنے حاضر نہیں ہوئیں۔ اس کیس میں کویتا کیا کرنے والی ہیں، ای ڈی کے عہدیدار کیا فیصلہ کرنے والے ہیں اس پر تجسس برقرار ہے۔ آج صبح سے ہی ملک کے دارالحکومت دہلی میں ہائی ڈرامہ دیکھنے کو ملا ہے۔آخر میں ان تمام معاملات کے بعد ای ڈی نے کویتا کو تازہ نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 20 مارچ کو دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کویتا کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی سماعت کو 24 مارچ تک ملتوی کردیا تھا۔ کویتا کو سپریم کورٹ سے راحت نہ ملنے پر ای ڈی کی آج مقررہ پوچھ تاچھ کے تعلق سے بی آر ایس کے حلقوں میں بے چینی کی کیفیت تھی۔ آج شیڈول کے مطابق 11 بجے کویتا کو ای ڈی کے سامنے حاضر ہونا تھا مگر انہوں نے ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کے بجائے اپنے وکیل کو بطور نمائندہ روانہ کرتے ہوئے صحت ناساز ہونے کی بات بتائی۔ ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ ان کی درخواست سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے۔ سپریم کورٹ میں سماعت ہونے کے دوسرے دن وہ ای ڈی کے سامنے حاضر ہوجائیں گی۔ کے ٹی آر ، ہریش راؤ کے بشمول نصف کابینہ کویتا سے اظہار یگانگت کیلئے دہلی پہنچ گئی تھی۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے کویتا کی درخواست پر انہیں تازہ نوٹس روانہ کرتے ہوئے 20 مارچ کو دوبارہ ای ڈی کے روبرو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی ای ڈی کے عہدیداروں نے راوس ایونیو کورٹ میں ارون رامچندر پلئی کو پیش کرتے ہوئے اس کی تحویل کو 20 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ اس کے علاوہ ای ڈی کے عہدیداروں نے دہلی شراب اسکام کیس میں آندھرا پردیش کے حلقہ لوک سبھا اونگول کی نمائندگی کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایم سرینواسلو ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 18 مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا فرزند اسی کیس میں جیل میں ہے۔ ای ڈی سے تازہ نوٹس وصول ہونے کے بعد کویتا، کے ٹی آر، ہریش راؤ اور دوسرے وزراء حیدرآباد کیلئے واپس ہوگئے ہیں۔ ماہرین قانون کا ماننا ہے کہ کویتا کے سامنے چار آپشنس ہیں۔ انہیں ای ڈی کی نوٹس کے مطابق 20 مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونا ہے۔ 24 مارچ سے قبل اپنی درخواست پر غور کرنے کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہونا، ای ڈی کی درخواست پر سپریم کورٹ سے حکم التواء حاصل کرنے کی درخواست داخل کرنا ہے یا ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پیش کرنا بھی شامل ہے۔ یہ چار آپشنس کویتا کے سامنے موجود ہے، کویتا کونسے آپشن کا استعمال کریںگی یہ آنے والا وقت بتائے گا۔ دہلی میں واقع چیف منسٹر تلنگانہ کی قیامگاہ پر ریاستی وزراء کے ٹی آر، ہریش راؤ، کویتا، بی آر ایس لیگل سیل کے ارکان اور ماہرین قانون سے آج صبح سے تبادلہ خیال میں مصروف رہے۔ اس کے بعد اپنے وکیل بھرت کمار کے ذریعہ ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ناسازی صحت کے باعث حاضر ہونے سے قاصر ہونے کا پیغام روانہ کیا۔ پہلے ای ڈی کے عہدیداروں نے کویتا کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔ بعد ازاں تازہ نوٹس جاری کی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کویتا، ہریش راؤ اور کے ٹی آر حیدرآباد پہنچنے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ن